top of page

کریمنگر مسلم قبرستان کی زمین پر تجاوزات کا معاملہ، وقف بورڈ سے سروے کی درخواست



کریمنگر: کریمنگر کے کپو واڑہ علاقے میں واقع مسلم قبرستان کی زمین پر تجاوزات کے باعث مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ وقف بورڈ کے ریکارڈ کے مطابق، اس قبرستان کا کل رقبہ 5 ایکڑ 29 گنٹے ہے، مگر غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے صرف 3 ایکڑ زمین پر ہی قبریں موجود ہیں جبکہ باقی 2 ایکڑ 29 گنٹے کی زمین قبضے میں چلی گئی ہے۔


سرکاری اسکول کے قریب موجود خالی جگہ، جو پہلے قبرستان کا حصہ تھی، پر بھی تجاوزات کی اطلاعات ہیں۔ مقامی بزرگوں کا کہنا ہے کہ اس زمین پر ماضی میں قبریں موجود تھیں لیکن زمین ہموار کرنے کے بعد اب یہ نظر نہیں آ رہی ہیں۔


حالیہ دنوں میں کریمنگر نگر پالیکا نے 15 لاکھ روپے کی لاگت سے مونوارو کپو سنگھم بھون تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور MP LADS فنڈز سے اس کے لئے ٹینڈر بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس صورتحال پر مقامی مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔


کمیونٹی کے جنرل سیکریٹری محمد عمران، جائنٹ سیکریٹری عبد الرحمان اور دیگر اراکین نے ضلع کلکٹر کریمنگر کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ قبرستان کی زمین کا سروے لینڈ سروے ڈپارٹمنٹ اور تحصیلدار کی موجودگی میں کیا جائے تاکہ قبضہ شدہ زمین واپس حاصل کی جا سکے۔ مزید یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ جب تک یہ سروے مکمل نہیں ہوتا، مونوارو کپو سنگھم بھون کی تعمیر کو روکا جائے۔


اس معاملے پر انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے، تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے کو لے کر وقف بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام سے رجوع کریں گے۔


65 views0 comments

Comments


bottom of page