کریم نگر و نواحی علاقوں میں زمین لرز اُٹھی، تیز ہواؤں و بارش نے تشویش میں مزید اضافہ کردیا
- aalimuddin
- May 5
- 2 min read

کریم نگر، 5 مئی (اے بی نیوز)
پیر کی شام کریم نگر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں اچانک زمین لرزنے کا واقعہ 6:50 کو پیش آیا، جس نے عوام کو لمحہ بھر کے لیے تشویش میں مبتلا کر دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے 9۔3 مختصر مگر واضح طور پر محسوس کیے گئے، اور کئی علاقوں میں لوگ گھبرا کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کی شدت اگرچہ معمولی نوعیت کی تھی، تاہم زمین میں پیدا ہونے والی خفیف سی لرزش اور غیر معمولی آواز نے فطری طور پر خوف کی فضا قائم کر دی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جھٹکوں کے ساتھ ایک دھماکہ نما آواز بھی سنی گئی، جو ایک نئے خدشے کو جنم دیتی ہے۔
تاحال محکمہ موسمیات یا زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، لیکن مقامی انتظامیہ نے صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے فیلڈ اسٹاف کو چوکس کر دیا ہے۔
سلطان آباد، ویمولواڑہ، اور سرسلہ جیسے علاقوں سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر کئی شہریوں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں گھبراہٹ کے عالم میں لوگ سڑکوں اور میدانوں میں جمع دکھائی دے رہے ہیں۔
ارضیاتی ماہرین کے مطابق، اگرچہ جھٹکے بظاہر معمولی ہیں، لیکن ان کی موجودگی زمین کی اندرونی سرگرمیوں کا اشارہ دے سکتی ہے، جس کے لیے محتاط نگرانی اور مستقبل کی پیش بندی نہایت ضروری ہے۔
ادھر موسم کی صورت حال بھی غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔ کریم نگر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ تیز ہواؤں نے کئی مقامات پر درختوں کو زمین بوس کر دیا ہے۔ بعض راستوں پر گرنے والے درختوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں، بالخصوص ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کرنے والے حضرات کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے سبب حدِ نگاہ بھی متاثر ہو رہی ہے، اس لیے دورانِ سفر رفتار دھیمی رکھنا اور خطرناک مقامات پر رک کر صورتحال کا جائزہ لینا نہایت ضروری ہے۔
Comments