نازیہ رحمٰن کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض
- aalimuddin
- Jul 6
- 2 min read

آرریاستِ حیدرآباد میں خواتین کی تعلیم پر گراں قدر تحقیق، ڈاکٹر بی امبیڈکر یونیورسٹی کا اعتراف
کریم نگر، 5 جولائی 2025
ریاست تلنگانہ کے علمی حلقوں کے لیے یہ ایک خوش آئند لمحہ ہے کہ کریم نگر سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت محققہ محترمہ نازیہ رحمٰن کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی، حیدرآباد کی جانب سے پی ایچ ڈی (ڈاکٹریٹ) کی ڈگری تفویض کی گئی۔ محترمہ نازیہ رحمٰن نے اپنی تحقیق "Women’s Education in Hyderabad State (1911–1948)" کے عنوان سے مکمل کی، جس میں ریاستِ حیدرآباد کے دور میں خواتین کی تعلیم کے ارتقاء، چیلنجز، سرکاری اقدامات اور سماجی اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے 3 جولائی 2025 کو منعقدہ ویوا وائیوا امتحان میں ان کی تحقیق کو ماہرین نے معیاری قرار دیتے ہوئے متفقہ طور پر ڈاکٹریٹ کے لیے اہل تسلیم کیا۔ اس اہم تعلیمی مرحلے کے بعد یونیورسٹی کے کنٹرولر آف ایگزامینیشن پروفیسر بی. سرینواس نے رسمی طور پر ڈگری دینے کا اعلان کیا۔ تحقیق کی نگرانی پروفیسر . سودھا رانی، صدر شعبہ تاریخ، فیکلٹی آف سوشیل سائنسز، ڈاکٹر بی آر اوپن یونیورسٹی نے انجام دی۔ محترمہ نازیہ رحمٰن اس وقت کریم نگر ویمنز ڈگری کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر آف ہسٹری کے طور پر تدریسی فرائض انجام دے رہی ہیں، اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی پر کہا کہ "یہ تحقیق میرے لیے صرف ایک ڈگری نہیں بلکہ خواتین کی تعلیمی خودمختاری اور سماجی شعور کے لیے ایک عہد ہے۔ میں اپنی تحقیق کو خواتین کی ترقی کے لیے وقف کرتی ہوں۔ اس اہم کامیابی پر کریم نگر، حیدرآباد اور ریاست بھر کے تعلیمی اداروں، اساتذہ، طلبہ اور سماجی انجمنوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ ویمنز کالجز، سرکاری ڈگری کالجز، BRAOU فیکلٹی ممبران، اور عثمانیہ یونیورسٹی کے اساتذہ نے نازیہ رحمٰن کو خواتین کی تعلیم کے میدان میں ایک مثالی کردار قرار دیا۔ یہ کامیابی نہ صرف کریم نگر بلکہ پوری ریاست کے لیے باعثِ فخر ہے، اور نوجوان خواتین کے لیے یہ پیغام ہے کہ علم، لگن، اور مستقل مزاجی سے ہر خواب پورا ہو سکتا ہے۔
Comments