ضلع کریم نگر میں بلدیاتی انتخابات کا پولنگ فیصد
- Feb 11
- 1 min read

کریم نگر، عالم الدین (اے بی نیوز):
ضلع کریم نگر کے مختلف میونسپل اداروں میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ کا تناسب اطمینان بخش رہا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مختلف بلدیات میں ووٹنگ کی شرح درج ذیل رہی:
کریم نگر میونسپل کارپوریشن:
کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے 66 ڈویژنس میں ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر 62.98 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ یہاں کل 3,40,580 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 2,14,486 رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
جمیکنٹہ میونسپلٹی:
جمیکنٹہ میونسپلٹی کے 30 وارڈس میں منعقدہ انتخابات میں 79.81 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ کل 34,455 ووٹروں میں سے 27,498 افراد نے ووٹ ڈالا۔
حضورآباد میونسپلٹی:
حضورآباد میونسپلٹی کے 30 وارڈس میں ہونے والے انتخابات میں پولنگ کی شرح 81.47 فیصد رہی، جو کہ ضلع میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ یہاں کل 29,531 ووٹروں میں سے 24,060 نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔
چوپہ ڈنڈی میونسپلٹی:
چوپہ ڈنڈی میونسپل حدود کے 14 وارڈس میں 78.76 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ کل 13,916 ووٹروں میں سے 10,960 نے ووٹ ڈالے۔
ضلع بھر میں مجموعی طور پر ووٹنگ کا عمل پُرامن ماحول میں مکمل ہوا اور عوام نے جمہوری حق کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی انتظامات بھی سخت رکھے گئے تھے۔





Comments