Balquis Bano's convicts released with Central Government's approval_Gujarat Govt's reply
نئی دہلی _ 17 اکتوبر ( اے۔بی۔نیوزاردو)
گجرات حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ بلقیس بانو کیس کے مجرموں کو مرکزی حکومت کی منظوری کے بعد ہی رہا کیا گیا ہے بلقیس بانو کیس کے سلسلے میں گجرات حکومت نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا ہے۔ گجرات حکومت نے اس معاملے میں 11 مجرموں کو رہا کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ 11 مجرموں نے 14 سال قید مکمل کر لی ہے۔ ان تمام کا رویہ بھی اچھا پایا گیا۔ اس کے بعد انھیں رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حلف نامہ میں، گجرات حکومت نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے اس سال 11 جولائی کو ایک خط کے ذریعے ان کی رہائی کی منظوری دی تھی۔
گجرات حکومت نے اپنے جواب میں کہا کہ 13 مئی کو سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ ان لوگوں کی رہائی کے لیے 1992 میں بنائی گئی پرانی پالیسی لاگو ہوگی۔ یہ پالیسی 14 سال جیل میں گزارنے کے بعد عمر قید سے رہائی فراہم کرتی ہے۔ حکومت نے کہا کہ قید میں تمام مجرموں کا رویہ اچھا تھا۔
حلف نامے میں حکومت نے کہا کہ تمام لوگ 14 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں تھے ۔ اس معاملے میں پی آئی ایل دائر کرنا قانون کا غلط استعمال ہے۔ قانون کسی بیرونی شخص کو مجرمانہ معاملے میں مداخلت کا حق نہیں دیتا۔ سبھاشنی علی اور دیگر درخواست گزاروں کا کوئی بنیادی حق متاثر نہیں ہو رہا ہے تاکہ وہ PIL دائر کر سکیں۔ پٹیشن کو خارج کر دینا چاہیے۔
حکومت نے کہا کہ یہ الزام غلط ہے کہ ان لوگوں کو پروگرام ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ کے تحت رہا کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق رہائی پورے قانونی عمل کے بعد کی گئی ہے۔ درخواست گزار کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ درخواست گزاروں میں سے کسی کا بھی اس پورے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس پر 20 سے زیادہ فسادیوں نے حملہ کیا تھا۔ اس دوران حاملہ بلقیس سمیت کچھ دیگر خواتین کی عصمت ریزی کی گئی۔ سپریم کورٹ نے ملزم کی جانب سے متاثرہ فریق پر دباؤ ڈالنے کی شکایت موصول ہونے کے بعد کیس کو مہاراشٹرا منتقل کردیا۔ اس کے بعد 21 جنوری 2008 کو ممبئی کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے 11 لوگوں کو عمر قید کی سزا سنائی۔
بلقیس کیس کے مجرموں کو 15 اگست 2022کو رہا کیا گیا تھا۔ اس کے خلاف سی پی ایم لیڈر سبھاشنی علی، سماجی کارکن روکھین ورما، ریوتی لال اور ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی۔ اب سپریم کورٹ میں منگل 18 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔
Comments